Category: انتظامیہ و مقامی حکومت

Administration and Local Government

  • فورٹ عباس: غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی، انتباہی بینرز آویزاں، ریونیو لین دین بلاک

    فورٹ عباس: غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی، انتباہی بینرز آویزاں، ریونیو لین دین بلاک

    فورٹ عباس: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ کی ہدایت پر فورٹ عباس میں میونسپل کمیٹی کی حدود میں قائم تمام غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ان سکیموں پر انتباہی بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں، جبکہ ان سے متعلق تمام ریونیو لین دین بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے محفوظ رکھنے اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور کسی کو بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری یا پلاٹ کی خریداری سے قبل متعلقہ اداروں سے اس کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

  • منچن آباد میں فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، قصاب کے گھر سے کئی من مردار گوشت برآمد

    منچن آباد میں فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، قصاب کے گھر سے کئی من مردار گوشت برآمد

    منچن آباد: منچن آباد کے علاقے درزیاں والا کھوہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے ایک قصاب کے گھر پر چھاپہ مار کر مبینہ طور پر کئی من مردار گوشت برآمد کر لیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جہاں بڑی مقدار میں غیر معیاری اور مبینہ مردار گوشت قبضے میں لے لیا گیا۔ برآمد ہونے والے گوشت کو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیتے ہوئے موقع پر تلف کرنے کے اقدامات کیے گئے۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مردار گوشت کہاں سپلائی کیا جا رہا تھا اور اس مکروہ کاروبار میں مزید کون کون ملوث ہے۔ ذمہ دار افراد کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔علاقہ مکینوں نے فوڈ اتھارٹی کی کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

  • پٹرولیم مصنوعات سستی، مگر عوام کو ریلیف نہ مل سکا، مہنگائی برقرار

    پٹرولیم مصنوعات سستی، مگر عوام کو ریلیف نہ مل سکا، مہنگائی برقرار

    ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹ میں حکومتی ریلیف عوام تک پہنچانے اور قیمتوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

    بہاولنگر: وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں، تعمیراتی سامان اور روزمرہ استعمال کی متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ ہونے پر شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا تو بسوں کے کرایوں، مال بردار ٹرانسپورٹ، سریا، سیمنٹ، بجری، اینٹوں اور دیگر تعمیراتی سامان سمیت مختلف اشیاء کی قیمتوں میں فوری اضافہ کر دیا گیا تھا۔ تاہم اب جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سابقہ سطح سے بھی کم ہو چکی ہیں، ان اشیاء اور خدمات کی قیمتوں میں کوئی نمایاں کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

    عوامی حلقوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹ میں حکومتی ریلیف عوام تک پہنچانے اور قیمتوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

    شہریوں نے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں، اشیائے ضروریہ، ٹرانسپورٹ کرایوں اور تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں مناسب کمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کریں، جبکہ غفلت یا لاپرواہی کے مرتکب افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • کمشنر اورآر پی اوبہاولپورڈویژن کایوم عاشور کے موقع پرڈویژن بھر کےمختلف شہروں کا دورہ

    کمشنر اورآر پی اوبہاولپورڈویژن کایوم عاشور کے موقع پرڈویژن بھر کےمختلف شہروں کا دورہ

    بہاولنگر: کمشنربہاولپورڈویژن عرفان علی کاٹھیا و آر پی اوبہاولپورڈویژن غازی صلاح الدین نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے جبکہ امن کمیٹی، علماء کرام، انجمن تاجران، جلوس و مجالس کے منتظمین، صحافی برادری اور شہریوں نے امن و امان کے قیام اوربھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی مثال قائم کی ہے۔انہوں نےڈپٹی کمشنربہاولنگر ذوالفقار احمد اور ڈی پی او محمد عمران کے ہمراہ ضلع بہاولنگر کے مختلف شہروں میں یوم عاشور کے موقع پرجلوسوں، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لینے کے دوران مزید کہا کہ تمام جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے سیف سٹی کنٹرول روم، ڈی سی آفس کنٹرول روم اور ڈی پی او آفس کنٹرول روم کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ، جدید نگرانی کے نظام، کمیونیکیشن سسٹم، ایمرجنسی رسپانس، پولیس اور دیگر اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈویژنل و ضلعی افسران نے جلوسوں کے ہمراہ پیدل چلتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی کیمروں، سرچ اینڈ سویپ، ٹریفک مینجمنٹ، ریسکیو سروسز، طبی کیمپس، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، پانی کی سبیلوں اور لنگر کے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر جلوسوں کے راستوں پر قائم مختلف پانی کی سبیلوں کا بھی دورہ کیا گیا، منتظمین سے ملاقات کی گئی اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے بہترین انتظامات پر منتظمین کو سراہا گیا۔اس موقع پرریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، بلدیہ، متعلقہ محکموں کے افسران،ممبران امن کمیٹی، علماء کرام، انجمن تاجران اورمیڈیا نمائندے بھی موجود تھے

  • چشتیاں میں انتظامیہ اور پیرا فورس کی ملی بھگت سے حکومتی کفایت شعاری مہم کی کھلم کھلا خلاف ورزی

    چشتیاں میں انتظامیہ اور پیرا فورس کی ملی بھگت سے حکومتی کفایت شعاری مہم کی کھلم کھلا خلاف ورزی

    چشتیاں: چشتیاں میں انتظامیہ اور پیرا فورس کی ملی بھگت سے رات 12 بجے کے بعد تک بھی دکانیں ،کیفے،ٹی سٹالز،برگر شوارما کے سٹالز کھلے رہتے ہیں جو کہ حکومت کی کفایت شعاری کی مہم کی سنگین خلاف ورزی ہے جبکہ چشتیاں کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی غفلت اور عدم دلچسپی کی بنا پر چائے کا کپ سو روپے تک فروخت ہورہا ہے۔

    چشتیاں کے شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف سے اپنے مطالبہ میں کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں اور پیرا فورس کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے کالج روڈ،قاضی والا روڈ،مین بازار اور دوسری جگہوں پر کیفے،ٹی سٹالز ، برگر شوارما وغیرہ کے سٹالز رات 12بجے کے بعد بھی کھلے رہتے ہیں جبکہ ایسے کاروبار کرنے والوں کو رات 11 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت ہے۔

    شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں اور پیرا فورس کے اہلکاروں کو کفایت شعاری حکومتی مہم کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے ثبوت بھی فراہم کئے لیکن انہوں نے مخصوص مفادات کے تحت چشم پوشی اختیار کرتے ہوئے کوئی کاروائی نہیں کی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر اور پیرا فورس کے اہلکاروں کو تبدیل کرکے فرض شناس دیانتدار افسران کو تعینات کیا جائے اور 12 بجے تک کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔

  • ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد و ڈی پی او محمد عمران کامحرم الحرام کے حوالے سے چشتیاں کا دورہ

    ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد و ڈی پی او محمد عمران کامحرم الحرام کے حوالے سے چشتیاں کا دورہ

    چشتیاں: ڈپٹی کمشنربہاولنگر ذوالفقاراحمد نے کہا ہے کہ قانون شکنی یا فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران کے ہمراہ چشتیاں شہر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات،مجالس و جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لینے کے موقع پرسیکیورٹی اور دیگر انتظامات کوفول پروف بنانے کے لیے فیلڈ افسران کو اہم ہدایات جاری کیں اورچشتیاں شہر میں محرم الحرام کے روایتی اور لائسنس یافتہ جلوسوں کے راستوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔

    ڈی پی او محمد عمران نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔حساس مقامات اور جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کے احکامات دیے۔انہوں نے نے متعلقہ محکموں کو جلوس کے روٹس سے فوری طور پر تجاوزات ختم کرنے اور لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کو درست کرنے کی ہدایت کی۔روٹس پر صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور دیگر ضروری کاموں کو وقت سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دیا گیا۔مقامی امن کمیٹی کے عہدیداران اور علما کرام سے قریبی رابطہ رکھنے پر زور دیا گیا تاکہ بھائی چارے کی فضا قائم رہے ۔اس موقع پر ڈی پی او بہاولنگر نے کہا کہ پولیس افسران اور جوان چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں گے۔

  • عیدالاضحیٰ پر فول پروف سکیورٹی اور ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کا دورہ چشتیاں

    عیدالاضحیٰ پر فول پروف سکیورٹی اور ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کا دورہ چشتیاں

    چشتیاں: ڈپٹی کمشنربہاولنگرذوالفقاراحمد و ڈی پی او محمد عمران نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پرامن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ادارے مکمل طور پرمتحرک رہیں گےاورحساس مقامات پر پولیس نفری بڑھا دی گئی ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے سکیورٹی اورانتظامی امورکا جائزہ لینے کے لیے ڈی سی آفس کے کنٹرول روم کا دورہ کے موقع پر میڈیا کو بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران ضلع کے تمام شہروں میں صفائی، سکیورٹی، ٹریفک اوردیگرانتظامات کو مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے کنٹرول روم میں نصب مانیٹرنگ سسٹم، سی سی ٹی وی کیمروں، ایمرجنسی رسپانس اور شکایات کے اندراج کے نظام کا جائزہ لیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنرذلفقاراحمد نے چشتیاں کے دورہ کے موقع پرمختلف ترقیاتی منصوبوں لاری اڈا، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، بازاروں کی بیوٹی فکیشن منصوبہ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرکے کاموں کے معیاراوررفتار کا جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کاموں میں معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔جنرل بس اسٹینڈ چشتیاں کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ لاری اڈہ پر مسافروں کو تمام بنیادی سہولتی فراہم کی جائیں اور عوام کو بہترسفری سہولیات اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

  • چشتیاں: اسسٹنٹ کمشنر ساحل رسول چیمہ کی بروقت کارروائی، ایم سی پلازہ میں غیرقانونی تعمیرات مسمار، شہریوں کا خیرمقدم

    چشتیاں: اسسٹنٹ کمشنر ساحل رسول چیمہ کی بروقت کارروائی، ایم سی پلازہ میں غیرقانونی تعمیرات مسمار، شہریوں کا خیرمقدم

    چشتیاں میں میونسپل کمیٹی پلازہ میں مبینہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر ساحل رسول چیمہ نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کو مسمار کروا دیا، جس پر شہریوں اور دکانداروں نے ان کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے سرکاری املاک کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کالج روڈ پر واقع ایم سی پلازہ میں لیٹرین اور سیڑھیوں کو منہدم کر کے ایک دکان کی تعمیر شروع کر دی گئی تھی، جس پر مقامی افراد میں شدید تشویش پائی جا رہی تھی۔ معاملے کی نشاندہی ہوتے ہی اسسٹنٹ کمشنر ساحل رسول چیمہ نے فوری نوٹس لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے موقع پر آپریشن کروا کر غیرقانونی تعمیرات کو ختم کر دیا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بروقت کارروائی نہ ہوتی تو سرکاری املاک پر قبضے کی ایک اور کوشش کامیاب ہو سکتی تھی۔ انہوں نے اس اقدام کو “قبل از وقت مؤثر مداخلت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف قیمتی سرکاری زمین کو بچایا گیا بلکہ مستقبل میں ایسے عناصر کے لیے واضح پیغام بھی گیا ہے۔

    شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ:

    واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    خصوصاً اگر اس میں میونسپل کمیٹی کے اہلکار یا لینڈ مافیا ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی بیخ کنی کی جا سکے۔

    شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں سرکاری املاک کی نشاندہی کر کے ان کے تحفظ کے لیے مستقل بنیادوں پر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کے اس اقدام کو دیگر علاقوں کے لیے بھی ایک مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

  • چشتیاں: میونسپل کمیٹی پلازہ میں مبینہ غیرقانونی تعمیرات، شہریوں کا احتجاج

    چشتیاں: میونسپل کمیٹی پلازہ میں مبینہ غیرقانونی تعمیرات، شہریوں کا احتجاج

    چشتیاں کے مصروف علاقے کالج روڈ پر واقع میونسپل کمیٹی (ایم سی) پلازہ میں 35 سال سے قائم لیٹرین اور سیڑھیوں کو منہدم کر کے دکان کی تعمیر کا انکشاف ہوا ہے، جس پر شہریوں اور دکانداروں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایم سی پلازہ 1990 میں بلدیہ چشتیاں نے سرکاری قرض کے ذریعے تعمیر کیا تھا، جس میں دکانداروں اور عوام کی سہولت کے لیے لیٹرین اور چھت تک رسائی کے لیے سیڑھیاں نقشے کے مطابق بنائی گئی تھیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں ان سہولیات کو توڑ کر مبینہ طور پر ایک بااثر شخص کی جانب سے دکان کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریوں نے اس معاملے کی اطلاع ایڈمنسٹریٹر، چیف آفیسر اور متعلقہ رینٹ کلرک کو فون کے ذریعے دی، مگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔ مقامی افراد کا الزام ہے کہ بااثر عناصر کے باعث بلدیہ حکام اس معاملے میں بے بس نظر آتے ہیں، جبکہ بعض افسران کی مبینہ شمولیت کی بھی باتیں کی جا رہی ہیں۔شہریوں اور دکانداروں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاول نگر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پلازہ کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے تاکہ دکاندار اور عوام پہلے کی طرح سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

  • مویشی منڈیوں کے انتظامات کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا : ذوالفقار احمد بھون

    مویشی منڈیوں کے انتظامات کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا : ذوالفقار احمد بھون

    چشتیاں (نمائندہ مقامی حکومت) ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو تمام ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور منڈی میں پلاسٹک اور دیگر فضلہ جات کی روک تھام یقینی بنائی جائے جبکہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مویشی منڈیوں کے انتظامات کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ شہری بلا خوف و خطر خریداری کر سکیں۔انہوں نے اپنے دفتر میں خصوصی اجلاس کے دوران ضلعی و تحصیل افسران سے مزید کہا کہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور تمام محکمے مربوط انداز میں کام کریں تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کسی بھی قسم کی شکایت پیدا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے مویشی منڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مویشی منڈی میں صفائی، سیکیورٹی، جانوروں کی ویٹنگ، اور شہری سہولیات سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور تمام ادارے باہمی تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔اجلاس میں صحت عامہ کی بہتری، جیلوں میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، اور اضلاع میں صحت کے شعبے سے متعلق جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ افسران نے اپنی اپنی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر وائڈ لائف پارک میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع ”زیرو پلاسٹک، زیرو آلودگی” تھا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام اپنے روزمرہ کے معمولات میں پلاسٹک کا استعمال کم کر کے ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں.